نگراں وزیراعظم کی زیرصدارت پی آئی اے سے متعلق اجلاس, پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو جلد از جلد تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت

111
انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ صارفین کو بین الاقوامی معیار کے ہوائی سفر کی فراہمی کے لیے قومی ائیرلائن کی جلد از جلد نجکاری نا گزیر ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو پی آئی اے کی نجکاری اور دیگر معاملات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو بین الاقوامی معیار کے ہوائی سفر کی فراہمی کے لیے قومی ائیرلائن کی جلد از جلد نجکاری نا گزیر ہے۔

وزیراعظم نے فواد حسن فواد کو اپنی ٹیم میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور وزارت نجکاری کی زیرنگرانی پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو جلد از جلد تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔