نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کااجلاس

148
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

گلگت۔12ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کی معاشی بحالی کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دینے اور حکومتی سبسڈی پر انحصار کرنے کی بجائے مقامی قابل کاشت زمین کو استعمال میں لا کر خود انحصاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بیشتر مسائل کا حل علاقہ میں سرمایہ کاری سے منسلک ہے، شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، مذہب کے نام پر انتشار پھیلانا ناقابلِ برداشت ہے اور ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گلگت بلتستان کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ نگران وفاقی وزراء، گلگت بلتستان کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور متعلقہ اعلیٰ افسران موجود تھے۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی قیادت نے وزیراعظم کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان میں گندم کی پیداوار پر سبسڈی کی فراہمی کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کو وفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی قیادت کو حکومتی سبسڈی پر انحصار کرنے کی بجائے قابلِ کاشت زمین کی زرعی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لا کر خود انحصاری لانے کی تلقین کی۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام شعبوں کواپنے اپنے شعبے میں خود انحصاری پیدا کرنے کی طرف اپنی توجہ اور توانائی مرکوز کرنا ہو گی تب ہی ملکی معیشت بحالی کے راستے پر گامزن ہو گی۔

گلگت بلتستان کابینہ کے وزراء نے وزیراعظم کو گلگت میں سرمایہ کاری اور کاروبارکے فروغ کے لئے تجاویز دیں۔ وزیراعظم نے حکام کو گلگت بلتستان کی معاشی بحالی کے لئے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بیشتر مسائل کا حل علاقے میں بیرونی سرمایہ کاری سے منسلک ہے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان میں فرقہ وارانہ انتشار کی بنا پر امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، اور مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔