اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض پاک سے جب تک دہشت گردی کا ناسور ختم نہیں ہو جاتا تب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہدا کیلئے بلندی درجات اور ان کے لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کا ناسور ارض پاک سے ختم نہیں ہو جاتا تب تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام کرتے آئے ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔