کراچی۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے جماعت اہلحدیث کی درخواست پر مولانا ضیاء الرحمان کے قتل کی دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے جماعت اہلحدیث کے وفد نے امیر مفتی محمد یوسف قصوری کی قیادت میں ملاقات کی اور ان سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔وفد کے ارکان میں قاری عثمان، مولانا افضل سردار، ڈاکٹر مقبول مکی، مولانا مزمل صدیقی اور دیگر شامل ہیں۔
وفد نے جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے پر تعیناتی پر مبارکباد دی۔انہوں نے مولانا ضیاء الرحمان کے قتل کا معاملہ اٹھایا۔ان کا موقف تھا کہ قتل کراس فائرنگ کی وجہ سے سمجھا جا رہا ہے لیکن حقیقت میں انہیں نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذہبی رہنما کے قتل کے پیچھے سازش رچی گئی ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ قتل کیس کی دوبارہ تحقیقات کرائیں گے۔وزیراعلیٰ اور وفد نے اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں فلسطین میں بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی فتح کیلئے دعا بھی کی۔