پشاور۔ 01 ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ضلع اپر چترال کے دورافتادہ گاؤں ہرچین میں چکن پاکس کی بیماری پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور کو اس بیماری کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مشیر صحت کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی محکمہ صحت کے ذریعے اس بیماری سے متاثرہ ہرچین گاؤں کے سرکاری سکول کی طالبات کے علاج معالجے اور علاقے میں اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ متاثرہ بچیوں کے علاج معالجے کے لئے علاقے میں خصوصی میڈیکل ٹیمیں بھیجی جائیں اور اس بیماری کے سد باب کے لئے مانیٹرنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ اس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔