نگراں وزیربرائے صنعت خیبر پختونخواکی زیر صدا رت ضم اضلاع میں نئے صنعتی زونز کے قیام سے متعلق اجلاس کا انعقاد

156

پشاور۔ 16 فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت سول سیکریٹریٹ پشاور میں ضم اضلاع میں نئے صنعتی زونز کے قیام کے امور کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں قبائلی علاقوں میں نئے زونز کیلئے مختلف پہلوؤں سے موزوں مقامات کی نشاندھی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سپیشل سیکریٹری صنعت وحرفت محمد انور خان،چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی جاوید اقبال خٹک،منیجر بزنس فیسلٹیشن خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اقبال سرور،ایچ اے کنسلٹنٹ کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضم اضلاع میں نئے زونز کے قیام کیلئے کنسلٹنٹ کے تعاون سے کرائی گئی فیزیبلٹی سٹڈی پر فورم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس سلسلے میں مختلف اضلاع کے خصوصی خدوخال، زونز کے قیام کے امکانات اور افادیت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئی۔ اس موقع پرفورم نے ہر پہلو سے مختلف ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے دو مقامات پر نئے زونز کی تعمیرپراتفاق کیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ نئے زونز ایسے مقامات پر بننے چاہئیں جہاں پر سمال انڈسٹریز کی بستی یا قریبی علاقوں میں کے پی ایزڈمک کے دیگر زون واقع نہیں ہوں تاکہ ان نئےزونز کے ثمرات سے مقامی علاقے کی ضروت کے مطابق زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوسکیں۔ اس ضمن میں نگران وزیر نے فورم کو احکامات جاری کئے کہ ضلع کرم اور وانا میں مزکورہ دو زونز کا قیام عمل میں لایا جائے اوراس سلسلے میں انھوں نے ضروری عملدرآمد کےتمام مراحل پر فالفور کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔