نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس

229
ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ وضع کیا گیا ہے جبکہ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے،ان اقدامات کے نفاذ سے آئندہ منتخب حکومت کو بھی ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہو گی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت ملک کی معاشی بحالی، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس جمعہ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں آرمی چیف، عبوری وفاقی کابینہ، صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء نے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو ملک میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کے سدباب کیلئے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ وضع کیا گیا۔اجلاس کو ریگولیشن کو مؤثر اور تیز بنانے کے جامع پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر مشاورت ہوئی۔

وزیرِاعظم نے اس حوالے سے عملی اقدامات کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ان پر عملدرآمد معینہ مدت میں یقینی بنایا جائے،وزراء ان اقدامات پر عمل یقینی بنائیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ نگران حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے،ان اقدامات کے نفاذ سے آئندہ منتخب حکومت کو بھی ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی۔