اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بہترین انداز میں کشمیر کاز کو آگے بڑھایا ہے۔ہفتہ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر وزیراعظم کی شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے سفیر اور وکیل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے خطاب سے کشمیریوں کا حوصلہ بڑھا ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کو اپنی امیدوں کے مرکز کے طور پر جانتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی خطے سے باقی دنیا تک پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو امن کے لیے بھارت کو روکنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔