نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نیویارک پہنچ گئے، 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے

186

نیویارک۔19ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نیویارک پہنچ گئے۔ ۔ جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم، اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، نیویارک میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔نگراں وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔ اجلاس میں تقریبا 150 عالمی رہنما شرکت کریں گے۔

وزیراعظم 22 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرنے والے پہلے پاکستانی نگراں وزیراعظم ہوں گے۔19 سے 26 ستمبر تک ہونے والے اسمبلی کے اعلی سطحی اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے احاطے اور اس کے اطراف میں بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ اپنے خطاب میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ جموں اور کشمیر کے تنازعہ سمیت متعدد علاقائی اور عمومی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ وہ اپنی نگراں انتظامیہ کی طرف سے ملک کی معاشی بحالی کو مستحکم کرنے اور ملکی اور بیرونی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کی کوششوں کے بارے میں بھی تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم مختلف ممالک کے ہم منصبوں،بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان، فلاحی تنظیموں اور کارپوریٹ رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی پہلے ہی نیویارک پہنچ چکے ہیں۔ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پہلے عبوری وزیر اعظم ہوں گے۔

گزشتہ ہفتے نیویارک میں ایک نیوز بریفنگ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران پائیدار ترقی کے اہداف (SDG) سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔سفیر اکرم نے کہا کہ وزیر اعظم SDGs

کے لیے فنانسنگ کو متحرک کرنے کے بارے میں بات کریں گے۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم ترقی کے لیے مالی اعانت سے متعلق ایک اور سربراہی اجلاس میں کلیدی خطبہ بھی دیں گے جہاں وہ ترقی کے لیے نجی شعبے کے مالیات کو متحرک کرنے کے بارے میں بات کریں گے۔ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سال کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی بجائے ان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر 26 ستمبر کو اسمبلی سے خطاب کریں گے۔