اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افریقی براعظم کے ساتھ اپنے تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، زراعت اور عوام کی سطح پر تبادلوں میں اضافہ کی خواہش ظاہر کی ہے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے جمہوریہ روانڈا کی سینیٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان کی افریقی براعظم کے ساتھ اپنے تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، زراعت اور عوام کی سطح پر تبادلوں کی خواہش سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے روانڈا کو اسلام آباد میں اپنا سفارتی مشن قائم کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان نے 2021 میں کیگالی میں اپنا مشن کھولا۔پارلیمانی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے جمہوریہ روانڈا کے سینیٹ کے صدر کے پہلے دورے کا خیرمقدم کیا اور اسے سراہا۔
وزیراعظم نے روانڈا کی حالیہ برسوں میں حاصل کی گئی شاندار اقتصادی ترقی کو بھی سراہا۔جمہوریہ روانڈا کے سینیٹ کے صدر نے اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا۔ اسلام آباد میں قیام کے دوران انہوں نے ارکان پارلیمنٹ، سرکاری افسران اور نجی شعبے سے بہت مفید ملاقاتیں کیں۔روانڈا سینیٹ کا وفد چیئرمین سینیٹ آف پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہے۔