نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے وزیراعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک کی ملاقات

121
مشعال حسین ملک

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر وزارت خارجہ اور انسانی حقوق کی وزارت کے مابین اشتراک کار میں اضافہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سمیت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور وزیراعظم کی معاون خصوصی نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہزاروں سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والے کارکنوں کی گرفتاریوں پر بھی غور کیا۔

انہوں نے بھارتی حکام کی جانب سے کشمیری رہنمائوں میں سے سب سے اہم یاسین ملک کی سزائے موت کی حالیہ اپیل پر تشویش کا اظہار کیا جن کو گذشتہ سال عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہوں نے بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں جن میں 5 اگست 2019ء کے بھارت کے غیر قانونی اور انفرادی اقدامات بھی شامل ہیں۔

انہوں نے جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو اپنے حق خود ارادیت سے محروم رکھ رہا ہے۔