اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی محمد سمیع سعید نے جمعرات کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت سپیشل اکنامک زونز پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کوترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے سی پیک تحت کے جاری سپیشل اکنامک زونز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس میں پاکستان کے چیف اکانومسٹ ڈاکٹر ندیم جاوید، بورڈ آف انویسٹمنٹ، وزارت خارجہ ،کامرس کے نمائندگان اور صوبائی زونز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے سی ای اوز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی نمائندوں نے سپیشل اکنامک زونز پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جن میں رشکئی سپیشل اکنامک زون، دھابیجی سپیشل اکنامک زون، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، بوستان خصوصی اقتصادی زون، آئی سی ٹی ماڈل انڈسٹریل زون، پاکستان سٹیل مل کی زمین پر صنعتی پارک، میرپور انڈسٹریل زون، مہمند ماربل سٹی اور مقپنڈاس سپیشل اکنامک زون جیسے منصوبے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ان تمام سپیشل اکنامک زونز کا مقصد صنعتی ترقی کو بڑھانا، مقامی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچانا اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا کرنا ہے۔ اجلاس میں آئندہ ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ فورم پر بریفنگ بھی دی گئی۔ واضح رہے کہ سال 2023 سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے سال کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس سال 6 جولائی کو سی پیک کو پورے 10 سال مکمل ہو گئے ہیں۔