نگراں وفاقی وزیرتعلیم مدد علی سندھی کا نیشنل بک فاؤنڈیشن کا دورہ،فائونڈیشن کی کارکردگی پر اظہاراطمینان

193

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے نیشنل بک فاونڈیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے امید ظاہر کی ہے کہ ادارہ پاکستان کی تمام زبانوں کے فروغ کیلئے ایسے ہی کام کرتا رہے گا۔ پیر کو نگراں وفاقی وزیر تعلیم نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم کو ایم ڈی نیشنل بک فائونڈیشن راجہ مظہر حمید نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ نگراں وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال نیشنل بک فائونڈیشن کو 40کروڑ روپے کا منافع ہوا، نیشنل بک فائونڈیشن 55 مدارس میں کتابیں فراہم کرتی ہے، نیشنل بک فائونڈیشن نے گزشتہ سال 105 ٹیکسسٹ بکس ڈویلپ کیں۔

وفاقی وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال نیشنل بک فائونڈیشن نے 65 لاکھ کتانیں چھاپیں جبکہ نیشنل بک فائونڈیشن آئی ایس او سرٹیفائیڈ ہے۔ نگراں وفاقی وزیر نے نیشنل بک فائونڈیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ بک فائونڈیشن پاکستان کی قومی زبانوں کے فروغ کیلئے اپنا کام جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بک فائونڈیشن آئندہ 14 دنوں میں آہستہ سیکھنے کی صلاحیت رکھنے والے بچوں کیلئے سپیشل لرننگ میٹریل جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں ڈیسلیکسیا کی بیماری سے لڑنے کا یہی طریقہ ہے ، ان بچوں کیلئے سپیشل لرننگ میٹریل سرکاری سکولوں میں فوری طور پر رائج کر دیا جائے ۔