مالے (مالدیپ)۔18نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے ہفتہ کو جمہوریہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی۔
صدر نے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور صدارتی تقریب میں شرکت کے لئے مالدیپ کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے حکومت پاکستان اور اپنی طرف سے مالدیپ کے صدر اور ان کی نئی منتخب کابینہ کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مالدیپ کے صدر اور نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست روابط کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثناء نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مالدیپ کے وزیر برائے اسلامی امور ڈاکٹر محمد شہیم علی سعید سے ملاقات کی۔ وزیر اسلامی امور نے وفاقی وزیر اطلاعات کا خیرمقدم کیا اور مالدیپ کی حکومت اور عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے مالدیپ کے وزیر برائے اقتصادی ترقی و تجارت محمد سعید سے بھی ملاقات کی۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شعبے میں دستیاب مواقع پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے تجارتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور تجارتی امکانات سے فائدہ اٹھانے کے لئے تجارتی فورمز کے قیام پر زور دیا۔ انہوں نے صدارتی تقریب میں شرکت پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے دورہ کے دوران نگراں وفاقی وزیر نے مالدیپ میں پاکستانی کمیونیٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے مالدیپ اور اپنے وطن پاکستان کے لئے پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔
پاکستانی کمیونٹی نے وقت فراہم کرنے پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست فضائی سفری سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی جس سے تجارتی تعلقات کے علاوہ عوام سے عوام کی سطح پر روابط کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مذکورہ ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) محمد فیاض گیلانی اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن ذوالقرنین احمد وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ تھے۔ ملاقاتیں انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئیں اور دونوں اطراف کے رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا