نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر کی ملاقات

113
نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوف نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، ثقافتی تبادلوں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطوں کو بڑھانے اور ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے ثقافتی شعبے میں تعاون، دوطرفہ ثقافتی تقریبات کے انعقاد، ازبکستان اور پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کے باہمی فروغ کے ساتھ ساتھ نندانہ قلعہ جہلم میں ابو ریحان البیرونی کی لیبارٹری کی تعمیر نو پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر جمال شاہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثقافتی کارواں کے دوسرے مرحلے کا اہتمام کیا جائے گا، ایک ماہ طویل سفر، سی پیک سے گزرتے ہوئے اس کا مقصد خطے کی بھرپور ثقافت اور تجارتی صلاحیت کو ظاہر کرنا ہے۔

جمال شاہ نے کہا کہ ازبکستان سمیت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کو سی پیک ثقافتی کارواں کا حصہ بننے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا جو علاقائی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوف نے ثقافت اور ادبی ورثے کے شعبے میں تعاون پر زور دیا اور ترقی پسند بنیادوں پر مشترکہ ثقافتی منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔