اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے ہائوس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی) کی انتظامیہ کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں سی ای او عمران احد نے کمپنی کی حالیہ کارکردگی کے ساتھ ساتھ فوری اور قلیل مدتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔
پیر کو وزارت نجکاری کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہائوس بلڈنگ فنانس کمپنی کی مالیاتی پوزیشن میں حالیہ دور میں اہم مثبت تبدیلی دیکھی گئی ہے جس کی عکاسی کریڈٹ ریٹنگ کمپنی کے طرف سے ریٹنگ میں دو درجہ اپ گریڈ کیے جانے سے ہوتی ہے ۔ ہائوس بلڈنگ فنانس کمپنی نے 14000 فعال قرض دہندگان کے ساتھ 18 ارب روپے کا کل پورٹ فولیو جاری کر رکھا ہے۔ یہ اس وقت صرف 0.03 فیصد مارکیٹ شیئر پر محیط ہے جس میں کئی گنا ترقی کی صلاحیت موجود ہے ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پر ایسے اقدامات جو حکومت کو نجکاری کے وقت اثاثہ جات کی مناسب قیمت دلانے میں مدد دے سکتے ہیں، کوجلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے ، بشمول اس اقدام کے کہ رئیل اسٹیٹ کے اثاثوں کو جہاں بھی ممکن ہو رہائشی سے کمرشل کیا جائے اور افرادی قوت کی اصلاحات کی جائیں ، جہاں ملازمین کو مارکیٹ کے مطابق اجرت کے نظام میں لاتے ہوئے پنشن پورٹ فولیو کو محدود کیا جائے ۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مالیاتی مشیر اور سیکرٹری نجکاری کمیشن کی مشاورت سے تمام ضروری کام 15 دسمبر 2023 تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔