اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے فارما انڈسٹری کی برآمدات کو ایک بلین ڈالر تک لے جانے کا فریم ورک مانگ لیا ہے، انہوں نے اپنی سال بھر کی آمدنی ملک کی فلاح و بہبود کے لئے عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات پی پی ایم اے کے چیئرمین فاروق بخاری کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں کی۔ملاقات کا بنیادی ایجنڈا دواسازی کی صنعت کی برآمدات کو بڑھانے کی حکمت عملی مرتب کرنے سے متعلق تھا۔
اس موقع پر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ وہ فارماسیوٹیکل سیکٹر کے لئے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں، ملک کے معاشی حالات کو بڑھانے کے لئے برآمدات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی منڈی میں مسابقتی برتری کو تسلیم کرتے ہوئے فارماسیوٹیکل وفد پر زور دیا کہ وہ تقابلی پالیسی کا فریم ورک تشکیل دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فریم ورک کو بدھ تک پیش کیا جائے۔ملاقات کے دوران فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے رہنماؤں نے اپنے شعبے کے لئے وفاقی وزیر کی حمایت اور لگن کو سراہا۔