نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی چینی ہم منصب سے ملاقات

222
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور چین نے باہمی ترقی اور سکیورٹی کیلئے تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے چینی ہم منصب وانگ ژاؤ ہانگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان باہمی ترقی اور سکیورٹی کیلئے تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمایا ہوا اور سدا بہار سٹرٹیجک دوست ملک ہے ، چینی حکومت اور عوام کی مختلف چیلنجز کے دوران پاکستان کی غیر مشروط حمایت قابل تحسین ہے ۔ وزیر داخلہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ سرفراز بگٹی نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کیلئے سکیورٹی اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔

چینی وزیر برائے پبلک سکیورٹی نے دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کے مضبوط عزم اور اقدامات کو سراہا ۔ وانگ ژاؤ ہانگ نے چینی شہریوں اور تنصیبات کی سکیورٹی کیلئے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ تعاون کے ذریعے دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے چیلنجز کے ادراک اور ان پر قابو پانے میں مدد پر چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔