نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی کی چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت

138
Mir Sarfraz Bugti
Mir Sarfraz Bugti

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔نگراں وفاقی وزیر نے اتوار کو دہشت گردوں کی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے مذمتی بیان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے مسافروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء اور زخمیوں کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے، ملک دشمن عناصر گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری بہادر افواج کے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک کے دشمن گلگت بلتستان جیسے پرامن علاقے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ناکام رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔