نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سعودی سفیر سے ملاقات، مختلف ایم امور پر تبادلہ خیا ل کیا

236
نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے منگل کو سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں میں آئندہ حج انتظامات ، باہمی تعلقات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد بن مسعود الحارثی بھی شریک تھے۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ عقیدت ، باہمی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، میرا مشن ہے کہ اس مختصر مدت میں پاکستانی حجاج کرام کو اضافی سہولیات لے کر دوں ، سعودی سفیر انتہائی محترم بھائی ہیں ان کی ہر ممکن حمایت اور تعاون جاری رکھیں گے۔

انہوں نے سعودی سفیر کو بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور (کل )بدھ کو اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے سرکردہ رہنمائوں، سفراء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ مکالمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ مذہبی امور روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ 12 ربیع الاوّل کو قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے، اس سال کانفرنس کا عنوان ’’سیرت طیبہ کی روشنی میں ملکی معاشی استحکام کی حکمت عملی ‘‘ طے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو اسلام کے خوبصورت پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی بھی دور حاضر کے مسائل پر عنقریب عالمی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے ، نوجوان نسل کو مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کی طرف متوجہ اور آمادہ کرنا ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب اور یادگار رہا، سعودی عرب سے عنقریب اہم ترین شخصیات کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ انہوں نےوزیر مذہبی امور انیق احمد کے تعاون اور محبت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔