اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے ایرانی سفیر رضا امیری مغدام نے نگراں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات سمیع سعید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف اکانومسٹ ڈاکٹر ندیم جاوید، سینئر جوائنٹ سیکرٹری معظم علی اور چیف فارن ایڈ ظہور بھی شامل تھے۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت، سی پیک، توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں نگراں وفاقی وزیر نے ایرانی سفیر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر انھوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ دوستی کی اہمیت پر زور دیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں اطراف نے باہمی تجارت اور روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کی باہمی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی سفیر نے پاکستان کے لیے توانائی کے تحفظ کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اپنے ملک کے تعاون کی پیشکش کی۔ نگراں وزیر منصوبہ بندی نے اس اقدام کو سراہا اور اس شعبہ میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مزید برآں نگراں وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ سرحدی منڈیوں کی کاوشوں کو سراہا جبکہ باہمی دلچسپی اور تعاون کے اضافی شعبوں کو تلاش کرنے کی تجویز بھی دی۔
سمیع سعید نے تجارتی لین دین کو آسان بنانے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز بھی دی۔ ملاقات میں مشرقی اور مغربی راہداریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ان چینلز کے ذریعے تجارت کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔