نگراں وفاقی وزیر منصوبہ بندی محمد سمیع سعید کی زیر صدارت تعلیم ، صحت کے منصوبوں اور پائیدار ترقی کے اہداف پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس

152

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، صحت و تعلیم کے میدان میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ٹھوس اقدمات اٹھائے ہیں ، قومی نصاب کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے تعلیم ، صحت کے منصوبوں اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے پر ہونے والی پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئوٹ آف سکول چلڈرن کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کامنصوبہ قابل ستائش ہے ، تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں آئی ٹی کی سہولیات طلباء کو دور جدید کے تقاضوں سے نمٹنے کے لئے تیار کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم کے میدان میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ٹھوس اقدمات اٹھائے ہیں ، اسلام آباد کے لئے منظور شدہ منصوبہ ٹیچرز انسٹیٹیوٹ اساتذہ کی استطاعت میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی نصاب کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ، یکساں اور جدید چیلنجز سے ہم آہنگ نصاب طلباء کی ذہن سازی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے وزارت منصوبہ بندی متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ باہمی ربط کو مزید مضبوط بنائے۔