اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی محمد سمیع سعید سے ریجنل ڈائریکٹر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) برائے مشرق وسطیٰ، پاکستان اور افغانستان خواجہ آفتاب احمد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ ملاقات میں ذیشان شیخ، آئی ایف سی کے کنٹری منیجر پاکستان اور افغانستان جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر سی ای او P3A بورڈ ملک محمد احمد خان، چیف اکنامسٹ آف پاکستان ڈاکٹر ندیم جاوید اور ممبر پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ پلاننگ کمیشن عاصم سعید بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ آئی ایس سی عالمی بینک کا رکن ہے اور ترقی پذیر ممالک میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے سرمایہ کاری، مشاورتی اور اثاثہ جات کے انتظام کی خدمات پیش کرتا ہے۔ ملاقات میں نگراں وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں آئی ایف سی کی شمولیت کو بڑھانے کے ممکنہ ذرائع پر بھی تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر تجارتی مالیات، مائیکرو فنانس، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں۔
نگراں وزیر منصوبہ بندی نے وفد کو حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے بارے میں آگاہ کیا جس میں قومی معیشت کے پانچ اہم شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور معدنیات، دفاعی پیداوار اور توانائی کو ترجیح دینے والے شعبے شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے ایک ون ونڈو سہولت قائم کی گئی ہے تاکہ منتخب شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ واضح رہے کہ ایس آئی ایف سی ایک اقتصادی بحالی کا منصوبہ ہے جس پر عملدرآمد کے لئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر آئی ایف سی کے ریجنل ڈائریکٹر نے نگراں وزیر منصوبہ بندی کو آئی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں اہم شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا یقین بھی دلایا۔