اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی سمیع سعید نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارلحق سے آزادکشمیر میں زیرتکمیل منصوبہ جات اور ترقیاتی فنڈز کی ریلیزکے حوالے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، ممبر انفراسٹرکچر، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی اور وزارت منصوبہ بندی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے ترقیاتی اور جاری منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نےکہا کہ آزادکشمیر اسمبلی، رٹھوعہ ہریام پل اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اقدامات کئے جائیں، سی ٹی ڈی کا پراجیکٹ بھی اہمیت کا حامل ہے، اس کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کی ریلیز کو یقینی بنایا جائے تاکہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔نگران وزیر منصوبہ بندی نےکہا کہ آزادکشمیر کے تمام منصوبے انتہائی اہمیت اور دور رس اثرات کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائے گی۔