نگراں وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

181
نگراں وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، امریکہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تشکیل دی ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں مثلاً کانوں، معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے سفیر کی وساطت سےامریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی۔گوہر اعجاز نے سفیر کے ساتھ اقتصادی بحالی کے منصوبے کے لئے حکومتی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے پاکستان کے مستقبل کی معاشی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امریکی حکومت کی مسلسل حمایت پر سراہا۔ ٹیکسٹائل، ویل ایڈڈ فوڈ پروڈکٹس، تازہ آم اور کھجور، سویا بین اور بیف سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے ممکنہ مواقع پر گفتگو ہوئی۔