لاہور۔13جنوری (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے گوجرانوالہ میں نئے بننے والے 500بستروں سے زائد ہسپتال کے ایک بلاک کو جون 2021تک مکمل فعال کرنے کا حکم دے دیاہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ احکامات محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اقبال حسین خان،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی،وائس پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج گوجرانوالہ پروفیسرڈاکٹرندرت سہیل،ڈاکٹرفضل الرحمن،ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر وقاص فرید،چیف انجینئربلڈنگ ساجد رشیدودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے گوجرانوالہ میں نئے بننے والے ٹیچنگ ہسپتال پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔سپیشل سیکرٹری اقبال حسین اور چیف انجینئربلڈنگ نے صوبائی وزیر صحت کو منصوبہ پر جاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ گوجرانوالہ میں 502بستروں پر مشتمل نیاہسپتال گوجرانوالہ ڈویژن کی عوام کیلئے تحفہ ہوگا۔نئے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کی تعمیرکیلئے درکارفنڈزترجیحی بنیادوں پرمہیاکردئیے گئے ہیں۔جون2021تک تیارہونے والے پہلے بلاک میں اوپی ڈی سمیت میڈیسن کے تمام ڈیپارٹمنٹ قائم کئے جائیں گے۔ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عوام کو ان کی دہلیزپرصحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کی جانب تسلسل ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ نیاٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ ڈویزن کی عوام کو صحت کی شاندارسہولیات فراہم کرے گا۔نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیچنگ ہسپتال میں عوام کیلئے صحت کی ہر قسم کی سہولت موجودہوگی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکو نئے ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ پر جاری پیش رفت بارے تفصیلات سے آگاہ رکھا جارہاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ حکومت پنجاب صوبہ کے اہم اور بڑے اضلاع میں آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ نئے ہسپتال تعمیرکررہی ہے۔سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کی تعمیرپرجاری پیش رفت کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔عوام کو صحت کے شعبہ میں بہتر سہولیات فراہم کرنااولین ترجیح ہے۔