نیاپے اور ڈیل کارٹ نے فوربز کی واچ لسٹ میں جگہ بنا لی ہے،دانش اے لاکھانی

119
Danish A Lakhani
Danish A Lakhani

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):نیا پے کے بانی اور سی ای او دانش اے لاکھانی نے کہا ہے کہ نیاپے اور ڈیل کارٹ نے فوربز کی واچ لسٹ میں اپنی جگہ بنا لی ہے ، چیلنجنگ معاشی منظر نامے کے باوجود فن ٹیک ڈسرپٹر نیا پے اور ای کامرس سٹارٹ اپ ڈیل کارٹ نے فوربز ایشیا 100 کی واچ لسٹ 2024ءمیں جگہ بنا لی ہے۔ بد ھ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ واچ لسٹ فنانس اور ریٹیل جیسے شعبوں میں خطے کے سب سے مشہور اسٹارٹ اپ کو اجاگر کرتی ہے، پاکستان کی دو کمپنیاں اپنی جدت اور ترقی کی وجہ سے اس واچ لسٹ پر نمایاں ہیں۔ فوربس ایشیا 100 کی واچ لسٹ میں شامل ہونا کمپنی کے لئے باعث فخر ہے۔

نیا پے ملک میں ڈیجیٹل فنانس کی نمائندگی کر رہی ہے، 2016ءمیں قائم ہونے والا یہ سٹارٹ اپ پاکستان کے عوام کیلئے رقوم سے ڈیل کرنے کے طریقوں کو تبدیل کر رہی ہے۔ یہ ایپلی کیشن 1.8 ملین سے زائد صارفین کے ساتھ ای والٹس سے لے کر ورچوئل ڈیبٹ کارڈز تک خدمات فراہم کر رہی ہے اور ایک ایسے ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیاں قابل رسائی بنا رہی ہے جہاں ابھی بھی نقد رقم غالب ہے۔ نیا پے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے ایک فنانشل مینجمنٹ پلیٹ فارم بھی متعارف کروا رہا ہے جو انہیں اخراجات، انوائسنگ اور ادائیگیاں وصول کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

ملک میں معاشی چیلنجز کے باوجود نیا پے کی تیز ترین ترقی پاکستان کے ڈیجیٹل فنانشل منظر نامے کو دوبارہ بیان کرنے کی صلاحیت کا اشارہ ہے۔ دانش اے لاکھانی نے کہا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز پاکستان میں مالی خدمات کو آسان بنانے اور ملک بھر میں ڈیجیٹل اپنائیت کی کوششوں پر زور دیتا ہے۔

ہم پاکستانی صارفین اور کاروباری اداروں کے لئے پسندیدہ مالیاتی مینجمنٹ پلیٹ فارم بننے کی طرف اپنا سفر جاری رکھنے کیلئے پرجوش ہیں۔ ڈیل کارٹ کا آغاز 2022ءمیں ہوا جو آن لائن گروسری سیکٹر میں ایک اہم پلیئر کے طور پر ابھر رہی ہے۔ کراچی میں واقع ڈیل کارٹ ملک کے بڑھتے ہوئے متوسط طبقے کو تازہ پیداوار سے لے کر گھریلو ضروریات تک کی مصنوعات کا وسیع انتخاب فراہم کرتا ہے۔ یہ چھوٹے گروسری سٹورز کو وسیع تر صارفین تک رسائی کے لئے ایک پلیٹ فارم بھی مہیاکرتا ہے۔