نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کی قرعہ اندازی کردی

226

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کی قرعہ اندازی کردی۔ قرعہ اندازی کی تقریب میں چیئرمین نیفڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر،ڈپٹی چیئرمین نیفڈا میجر جنرل (ریٹائرڈ) امیر اسلم خان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 1320 کم لاگت رہائشی یونٹس پر مشتمل جلوزئی ہاؤسنگ سکیم نوشہرہ کا افتتاح کیا تھا۔ 150کنال پر محیط یہ منصوبہ پی ایچ اے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے شروع کیاتھا۔1320 رہائشی یونٹس میں سے نصف اپارٹمنٹ درخواست دہندگان کوآفر کیے جائیں گے۔نیفڈا کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان نے 1252درخواست دہندگان کو اہل قرار دیا ہے۔

قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے 484 درخواست دہندگان کو لیٹر ز جاری کیے جائیں گے تاکہ وہ قرض کے حصول کے لیے اپنے متعلقہ بنکوں سے ایگریمنٹ سائن کرسکیں۔اس منصوبے میں درخواست دہندگان کو فی یونٹ تین لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی جبکہ باقی ماندہ 10سے20برس کی مدت میں ادا کرنا ہوگی۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس منصوبے کو کم لاگت گھروں کی اہل افراد کو آسان شرائط پر فراہمی کے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی جانب عملی قدم قرار دیاہے۔