نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے پہلے اور دوسرے فیز میں 20 لاکھ 3 ہزار 940 شہریوں نے درخواستیں دیں، وزارت ہائوسنگ

65
نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت 20 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول
نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت 20 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے پہلے اور دوسرے فیز میں 20 لاکھ 3 ہزار 940 شہریوں نے درخواستیں جمع کرائیں جن میں سے 17 لاکھ 99 ہزار 533 درخواست گذار اہل قرار پائے۔ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تعاون سے 1508 اپارٹمنٹس اور ہائوسنگ یونٹس درخواست گذاروں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ یہ بات وزارت ہائوسنگ کے ایک عہدیدار نے ”اے پی پی“ کو بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت نے گزشتہ دو سالوں کے دوران 109 ارب روپے مالیت کے نئے اپارٹمنٹس کی تعمیر سمیت رکی ہوئی سکیموں کو دوبارہ شروع کرتے ہوئے ملک کے کم آمدن والے طبقات کو سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت نے کچھ رکے ہوئے منصوبوں کا جائزہ لیا ہے جن میں کری روڈ اسلام آباد، وفاقی کالونی لاہور، جی 10 ٹو اسلام آباد، آئی 16 تھری اسلام آباد اور آئی 12 ون اسلام آباد شامل ہیں۔ طویل عرصے سے رکے ہوئے ان منصوبوں پر کام کا دوبارہ آغاز کیا گیا، پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) کی جانب سے یہ منصوبے مکمل کئے گئے جبکہ آئی 16 تھری اور آئی 12 ون کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

بلوچستان میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 1350 ہاﺅسنگ یونٹس پر مشتمل کچلاک روڈ کوئٹہ منصوبہ کا افتتاح 2019ءمیں ہوا، اس منصوبے کے لئے زمین حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ممبر شپ ڈرائیو کیلئے کارروائی شروع کی گئی اور 7700 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ خودکار طریقے سے قرعہ اندازی کا عمل بھی کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان منصوبوں کے لئے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈبلیو پی) کی جانب سے پی سی ون منظور کیا گیا اور پی ایچ اے ۔ ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس کی توثیق کی جبکہ بولی اور ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور کنٹریکٹر کی جانب سے کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں پی ایچ اے ریذیڈنشیا سروزئی پراجیکٹ پشاور کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اس منصوبہ کے لئے 8500 کنال زمین فراہم کی گئی، پی ایچ اے ۔ ایف اس زمین پر 10 ہزار ہائوسنگ یونٹس تعمیر کرے گی۔ منصوبوں کی آگاہی مہم کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اسٹیک ہولڈرز اور الاٹیز کو معلومات کی فراہمی کیلئے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ویب سائیٹ پر منصوبوں اور اسکیموں کی تمام معلومات دستیاب ہیں۔ اسی طرح پی ایچ اے اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے فیس بک اور ٹویٹر پر اپنے سوشل اکائونٹس بھی ہیں جہاں منصوبوں اور اقدامات کے بارے میں مکمل معلومات موجود ہیں۔ مزید برآں منصوبوں کے بارے میں اخبارات، سیمینار اور میڈیا ٹاکس کے ذریعے بھی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔