اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جناب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جو کہ احتساب کے عمل کو بلا خوف و تفریق جاری رکھے گا۔ پاکستان میں کرپشن کے خلاف بڑے ناموں پر کبھی مکمل ہاتھ نہیں ڈالا گیا۔ اس سے کرپشن میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ اب ہماری توجہ اور اولین ترجیح میگا کرپشن کے خلاف ہے۔ اس کا اثر بتدریج نچلے درجے کی کرپشن کو بھی کم کرے گا۔ایک تاثر ہے کہ نیب کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو خوف ہے اور یہ ملکی معیشت پر منفی طور پر اثرانداز ہو رہا ہے۔ بزنس کمیونٹی اور غیر سرکاری حضرات جن کا تعلق پبلک آفس اور پبلک فنڈز کے ساتھ نہیں ہے ۔ وہ بلاخوف اور دلجمعی سے اپنا مثبت کام قانون کے مطابق جاری رکھیں۔ نیب کا بنیادی کام سرکاری عہدیداروں اور پبلک فنڈز میں کرپشن کے خلاف ہے۔ نیب کسی طرح ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کے خلاف نہیں ہے۔ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے قانون کے مطابق کیے جانے والوں کو نیب سے کوئی شکایت نہیں ہو گی۔