نیب خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی کے لیے مضمون نویسی، پوسٹر سازی، مصوری اور تقریری مقابلے

156
Writing, poster making, painting

پشاور۔13نومبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی کے لیے صوبائی ہائر/ایلیمنٹری ایجوکیشن، محکمہ سوشل ویلفیئر اور تجارت اور ٹیوٹا کے تعاون سے مضمون نویسی، پوسٹر سازی، مصوری اور تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا۔

پیر کو نیب سے جاری بیان کے مطابق مضمون نویسی کے اردو اور انگریزی میں مقابلے منعقد کئے گئے جس میں حصہ لینے والوں نے "دیانتدار اور باشعور قومیں ہی بام عروج تک پہنچتی ہیں” کے موضوع پر مضامین لکھے۔سکول، خصوصی بچوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، کامرس اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کی سطح پر مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ مضمون نویسی کے مقابلے میں 71 طلباء نے حصہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں 48 ہزار روپے نقد انعام تقسیم کیا۔ منصفین اور مقابلے میں حصہ لینے والے طالب علموں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح انسداد بدعنوانی کے موضوع پر پوسٹر سازی اور مصوری کے مقابلے منعقد کئے گئے۔ مقابلے میں 48 طالب علموں نے حصہ لیا۔

ڈی جی نیب خیبرپختونخوا نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں 24 ہزار روپے نقد انعام تقسیم کیا۔ خصوصی بچوں میں سکول بیگ، قلم اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ ڈی جی نیب خیبر پختونخوا نے مقابلے میں حصہ لینے والے ایک طالب علم کو 2 ہزار روپے نقد انعام بذات خود دیا۔ نیب خیبرپختونخوا نے اردو اور انگریزی میں صوبائی سطح پر تقریری مقابلے بھی منعقد کئے جن کے موضوعات "کروں گا کیا جو کرپشن بھی چھوڑ دی میں نے، مجھے تو اور کوئی کا م بھی نہیں آتا” اور "عوام کی خاموشی بدعنوانی کی جڑ ہے” تھے۔

مقابلے میں 90 طالب علموں نے حصہ لیا۔ ڈی جی نیب خیبرپختونخوا نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں میں 48 ہزار روپے نقد انعام تقسیم کیا۔ ڈی جی نیب خیبر پختونخوا وقار احمد چوہان اور ڈائریکٹر اے اینڈ پی میاں محمد وقار نے شرکاء سے خطاب کیا اور انعامات بھی تقسیم کیے۔ ڈی جی نیب خیبرپختونخوا نے کہا کہ آگاہی میں اضافہ اور اسلامی تعلیمات کے سنہری اخلاقی اصولوں کو اپنا کر بدعنوانی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری اور دیانت داری پر عمل کریں تاکہ معاشرہ بدعنوانی کے منفی اثرات سے متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن فری پاکستان بنانے کے لئے پرعزم ہے۔