اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی نے پیر کو ایک تقریب کے دوران 32 متاثرین اور سرکاری اداروں میں 13.141 ملین روپے تقسیم کئے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی مہمان خصوصی تھی انہوں نے متاثرین اور سرکاری اداروں میں چیک تقسیم کئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں معاشرے کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے کے لئے ان کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے تاکہ مادر وطن کو کرپشن فری پاکستان بنانے کا خواب کو شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نیب متعلقہ فریقوں کے تعاون سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو غیر منظور شدہ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کرنا چاہئے اور اس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔ ٹیلی ٹاﺅن پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف مقدمے میں مذکورہ کمیٹی نے 2004-2007ءکے دوران سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر اشتہارات دیئے 2323پلاٹس اور فائلیں فروخت کیں اور عوام سے غیر قانونی طور پر 313 ملین روپے اکھٹے کئے ۔ میسرز ٹیلی ٹاﺅن پرائیویٹ لمےٹڈ نے سی ڈی اے سے تفصیلی لے آﺅٹ پلان کی منظوری نہیں لی۔