لاہور۔14جون (اے پی پی):سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر کیسز میں نیب لاہور کی ریکوری،9 کروڑ 33 لاکھ روپے قومی خزانہ میں جمع کروادئیے۔نیب لاہور میں زیر تحقیقات اہم کرپشن کیسز میں ہونے والی ریکوری کو سادہ تقریب کے ذریعے قومی خزانہ میں جمع کرا دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں نیب لاہور بیورو میں ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ودیگر کیخلاف کیس، پان پتہ ریفرنس، بینک آف پنجاب سکینڈل اور انوویٹو انویسٹمنٹ بینک سکینڈل میں نیب لاہور کی جانب سے مجموعی طور پربرآمد کردہ 9 کروڑ 33 لاکھ روپے کی رقم قومی خزانہ میں جمع کروادی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی سطح کے کیسز میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کیخلاف تحقیقات میں ملزمان سے پلی بارگین کی مد میں وصول 4 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت سمیت دیگر مقدمات میں ہونیوالی مجموعی 8 کروڑ 57 لاکھ روپے مالیت کی ریکوری پر مشتمل چیک ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عبدالسلام کے حوالہ کیا گیا۔علاوہ ازیں وفاقی سطح کے کیسز جن میں پان پتہ سکینڈل میں برآمد 30 لاکھ روپے مالیت کا چیک ڈپٹی کلکٹر کسٹمزنے وصول کیا۔ ڈی جی نیب لاہور نے نیشنل بینک آف پاکستان سکینڈل میں برآمد 27 لاکھ روپے مالیت کا چیک منیجر نیشنل بینک شاہ پور برانچ کے حوالہ کیا۔
تقریب میں انوویٹو بینک سکینڈل میں برآمد 18 لاکھ 87 ہزار روپے مالیت کا چیک ممبر لیکویڈیشن بورڈ خواجہ وحید رضا کے حوالہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ قومی سرمایہ کی حفاظت نیب کا نصب العین ہے۔ نیب کرپشن کیسز میں ملزمان سے برآمد ایک ایک پائی انتہائی ذمہ داری سے قومی خزانہ میں جمع کرواتا ہے جبکہ عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات میں ملزمان سے برآمد مکمل رقم متعلقہ متاثرین کے حوالہ کی جاتی ہے۔ اس ضمن میں نیب لاہور مجموعی طور پر اربوں روپے متاثرین اور قومی خزانہ میں جمع کروا چکا ہے جو آن ریکارڈ ہے۔ ڈی جی نیب لاہور نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایات ہیں کہ کرپشن کیسز میں زیادہ سے زیادہ ریکوریاں کرنے کو ترجیح دی جائے اور اس مقصد کے حصول کیلئے نیب افسران بھرپور محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔