اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے اس لعنت کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیب راولپنڈی کے زیراہتمام ’’دستاویزی معیشت بدعنوانی کا خاتمہ ‘‘ کے موضوع پر سیمینار اور انسداد بدعنوانی سے متعلق واک کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی مختلف اشکال ہیں، نیب ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود احتسابی اور سماجی انصاف قائم کئے بغیر بدعنوانی پر قابو نہیں پایا جا سکتا، آج ہمیں تہیہ کرنا چاہئے کہ اپنے فرائض میں کوتاہی نہیں برتیں گے، معاشرہ میں بدعنوانی سمیت ہر قسم کی برائیوں کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منفی سوچ معاشرتی رویہ بن چکی ہے، تنقید برائے تنقید معاشرے کو تباہ کرتی ہے۔ چیئرمین بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنی خود احتسابی کے ذریعے خامیوں اور نقائص کا جائزہ لینا چاہئے، ہماری گفتار اور کردار میں ہم آہنگی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق ،اخلاقی کردار اور اقدار پر بھی نظر ڈالنی چاہئے، پاکستان میں سب کچھ برا نہیں ہے، قومیں امید نہ ہونے سے زوال کا شکار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخوت کے ذریعے بغیر سود اور شخصی ضمانت کے چھوٹے قرضے دیئے جاتے ہیں، 60 لاکھ افراد میں 220 ارب روپے تقسیم کئے گئے اور ان کی ریکوری کی شرح 99.9 فیصد ہے۔ انہوں نے نیب کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نیب آگاہی ،تدارک اور انفورسمنٹ پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ خود احتسابی پر بھی عمل پیرا ہے۔
ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدعنوانی ایک برائی ہے، نیب اس برائی کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے، معاشرے کی اجتماعی کوششوں سے ہی اس لعنت کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے معیشت، سیاست اور ہر فرد پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، نیب نے انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے مختلف تعلیمی اداروں آگاہی مہم جاری رکھی۔ سابق آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے کہا کہ بدعنوانی زہر ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا کو کرپشن کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا فرض ایمانداری سے ادا کرنا چاہئے، اداروں کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے اور سب کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے اور کرپشن کی نشاندہی بھی کرنی چاہئے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے مصوری، تقریری مقابلوں، پوسٹرز سازی اور سکٹس کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کئے ۔ بعد ازاں شرکا نے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر اور ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ کی قیادت میں نیشنل لائبریری سے نیب ہیڈکوارٹرز تک واک کا اہتمام کیا ۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے واک کے شرکاسے خطاب بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417670