نیب نے انسداد بدعنوانی کی موثر قومی حکمت عملی وضع کی ہے،چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال

64

اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے بدعنوان عناصر، اشتہاری مجرموں اور عدالتی مفروروں کو ہر قیمت پر قانون کے کٹہرے میں لانے اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے انسداد بدعنوانی کی موثر قومی حکمت عملی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر میگا کرپشن مقدمات کو جدید تکنیک کو استعمال کرتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، ان مقدمات میں عوام سے بڑے پیمانے پر لوٹ مار، ہاﺅسنگ سوسائٹیاں/کوآپریٹو سوسائٹیز، مالی کمپنیوں میں فراڈ، بینک فراڈ، بینک قرضوں کے نادہندگان، اختیارات کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور سرکاری فنڈز میں خوردبرد شامل ہے۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے 297 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جو بڑی کامیابی ہے، نیب افسران نے اس رقم میں سے ایک پائی بھی وصول نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نیب راولپنڈی نے پہلی جدید فرانزک لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ کی سہولت موجود ہے۔