نیب نے حمزہ شہباز کی طرف سے ڈی جی نیب لاہور پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا

76

اسلام آباد ۔ 13 اپریل (اے پی پی)قومی احتساب بیورو نے حمزہ شہباز کی طرف سے ڈی جی نیب لاہور پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس کی سختی سے تردید اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور نے اپنی ڈگری کے بارے میں حمزہ شہباز سے کبھی کوئی بات نہیں کی اگر انہوں نے ایسی بات کی تھی تو حمزہ شہباز اس وقت کیوں خاموش رہے یہ سب کچھ کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف ہے۔اس کے علاوہ اب جب نیب کو حمزہ شہباز اور ان کی فیملی کی مبینہ منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثوں کے بارے میں مبینہ طور پر ٹھوس ثبوت ملے ہیں تو اب حمزہ شہباز بے بنیاد، من گھڑت ، جھوٹے اور لغو الزامات کے ذریعے نیب کی قانون کے مطابق تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں تک ڈی جی نیب کی ڈگری کا تعلق ہے تو ایچ ای سی پہلے ہی اس بات کی تصدیق کر چکی ہے اور اس کی رپورٹ معزز سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کروائی جاچکی ہے۔ ہفتہ کو قومی احتساب بیورو اسلام آباد کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیب اس بات کو بھی یکسر مسترد کرتا ہے کہ اس پر حکومت کا کوئی دباﺅ ہے‘ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے جو قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔ شریف فیملی کی خواتین کو بلانے کا مقصد دراصل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے موصول شکایت کی روشنی میں تحقیقات کرنا ہے جس کے مطابق فیملی کے اکاﺅنٹس میں خطیر رقم کی مبینہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے۔ نیب امید کرتا ہے کہ حمزہ شہباز نیب پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے اپنے خلاف مبینہ تحقیقات کا جواب پیش کریں کیونکہ نیب کسی دباﺅ کی پرواہ کئے بغیر قانون کے مطابق اپنا کام جاری رکھنے پر یقین رکھتا ہے اور احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔