اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو نے منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں کرپشن اور بدعنوانی ، سوسائٹی کے فنڈز میں خردبرد اور ڈویلپمنٹ کے لئے غیر قانونی کنٹریکٹ دے کر اربوں روپے کی خردبرد میں ملوث سوسائٹی کے صدر رانا غلام فرید ،سابق نائب صدر و جنرل سیکرٹری سید عامر حسین شا ہ،جنرل سیکرٹری سابق ایگزیکٹو ممبر و ممبر ڈویلپمنٹ کمٹیی مظہر حسین ،سن شائن رئیل سٹیٹ کے سی ای او محمد ارشد اور پراپرٹی ڈیلرخوش نواز کو گرفتار کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب)کومنسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی میں ڈویلپمنٹ کے کنٹریکٹ دینے کے لئے اختیارات کے غلط استعمال ،پلاٹس کی الاٹمنٹ میں گھپلے اور سوسائٹی کے فنڈر میں خردبرد کی متعدد شکایات موصول ہوئیں ،دوران تحقیقات یہ ثابت ہوا کہ منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کے صدر رانا غلام فریدنے دیگر ساتھیوںکی ملی بھگت سے نوید اسلم اینڈ ایسوسی ایٹس کو بغیر کسی بڈ کے ڈویلپمنٹ کا کنٹریکٹ سونپا اور سوسائٹی کے بائی لاز کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب ہوئے اور سوسائٹی کے فنڈز میں بھی خردبرد کی، ملزم نے بغیر کسی قرعہ اندازی کے پلاٹس الاٹ کیے ۔