نیب کا سرکس ابھی تک چل رہا ہے ،نیب کا چیئرمین تو گھر چلا گیا، اس سے کوئی پوچھ گچھ کرے تو مختلف بہانے کر کے جان بچانے کی کوشش کرتا ہے لیکن جان بچے گی نہیں ، شاہد خاقان عباسی

69
نیب کا سرکس ابھی تک چل رہا ہے ،نیب کا چیئرمین تو گھر چلا گیا، اس سے کوئی پوچھ گچھ کرے تو مختلف بہانے کر کے جان بچانے کی کوشش کرتا ہے لیکن جان بچے گی نہیں ، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کا سرکس ابھی تک چل رہا ہے ،نیب کا چیئرمین تو گھر چلا گیا، اس سے کوئی پوچھ گچھ کرے تو مختلف بہانے کر کے جان بچانے کی کوشش کرتا ہے لیکن جان بچے گی نہیں ۔

منگل کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو ظلم ان لوگوں نے کیے ہیں ان کو جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے عدالت سے پوچھا کہ یہ بتائیں ہمارا جرم کیاہے، یہ پراسیکیوشن بھی بتانے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر دوسرا لفظ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔شاہد قاخان عباسی نے کہا کہ میں نے عدالت سے پوچھا کہ کیا کسی جرم کے بغیر منی لانڈرنگ ہوسکتی ہے۔ جس پیسے پر ٹیکس دیا ہو کیااس پر منی لانڈرنگ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکا جواب نیب کے پاس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی منی لانڈرنگ کاکیا ہوگا، وہ ثبوت بھی ابھی سامنے آئیں گے ،جو کرپشن اس نے کی ہے، جو منی لانڈرنگ اس نے کی ہے، جواس کے اثاثے ہیں،میرا چیلنج ہے کہ وہ اپنے اثاثے عوام کے سامنے رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ چار سال تک احتساب کے جھوٹے دعوے کرتے رہے، اگر آپ واقعی احتساب کے داعی ہیں تو اپنے اثاثے اس ملک کے عوام کے سامنے رکھیں ۔