نیب کی بدعنوان عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی، پلی بارگین کے ذریعے 7 ارب 8 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم کی واپسی

168
نیب لاہور میں جلاس، پنجاب مائینز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ افسران نے بریفنگ دی، ترجمان

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):قومی احتساب بیوروکی طرف سے مالی بدعنوانیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے دوران مختلف مقدمات میں ملزمان سے بھاری رقوم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، اسی طرح مالی غبن سے متعلق قومی احتساب بیورو نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ جنوری سے جولائی 2024 کے محدود عرصے میں قومی احتساب بیورو نے مختلف تحقیقات کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے اور پلی بارگین کے ذریعے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون سے مختلف محکموں ، مالیاتی اداروں اور متاثرین کو مجموعی طور پر 7 ارب 8 کروڑ 99 لاکھ 98 ہزار 35 روپے کی خطیر رقوم واپس جمع کرائی گئی ہیں۔

مجموعی طور پر جمع کرائی گئی اس رقم میں سے دو ارب 13 کروڑ 3 لاکھ 41 ہزار 48 روپے وفاقی حکومت، 25 کروڑ 98 لاکھ 51 ہزار92 روپے صوبہ سندھ، 13 کروڑ 66 لاکھ 11 ہزار 951 روپے صوبہ پنجاب ، ایک کروڑ 34 لاکھ 27ہزار 572 روپے صوبہ خیبر پختونخوا ، 5 لاکھ روپے صوبہ بلوچستان جبکہ 4 کروڑ 35 لاکھ 97ہزار 325 روپے مختلف محکمہ جات و مالیاتی اداروں میں جمع کرائے گئے ہیں۔ جمعہ کو نیب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس کے علاوہ عوام الناس سے ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کے 34 مقدمات کے 21760 متاثرین کو 4 ارب 50 کروڑ 56 لاکھ 68 ہزار 447 روپے واپس دلائے گئے ہیں۔

قومی احتساب بیورو اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآں ہوتے ہوئے بد عنوانی کے بڑے بڑے مقدمات کی تفتیش کے عمل میں اس نظریے کے ساتھ مصروف ہے کہ قصوروار پائے جانے والے ملزمان کو نہ صرف کیفر کردار تک پہنچایا جائے بلکہ لوٹی ہوئی رقوم بھی بر آمد کر کے جائز حقدارافراد اور اداروں تک واپس پہنچائی جائیں جن کو دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے لوٹا گیا ہے۔