نیب کی کوششوں سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل انڈیکس میں پاکستان میں 9 پوائنٹس کی بہتری آئی ہے ،یہ بڑی کامیابی ہے،چئیرمین قمر زمان چوہدری

96
APP23-08 ISLAMABAD: August 08 - Qamar Zaman Chaudhry, Chairman NAB chairing a meeting to review Transparency Report at NAB headquarter. APP

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چئیرمین قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت یہاں نیب ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی کوششوں سے بدعنوانی کے ادراک کے حوالہ سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے انڈیکس (کرپشن پرسیپشن انڈیکس) میں پاکستان کے ضمن میں 9 پوائنٹس کی بہتری آئی ہے جو کہ بڑی کامیابی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں پاکستان جنوبی ایشیاءکی علاقائی ممالک کی تنظیم سارک میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب کی نئی انتظامیہ کی جانب سے ملک کے طول و عرض میں بدعنوانی کے خلاف اقدامات کے نتیجہ میں 2013ءکے بعد سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے انڈیکس میں پاکستان کے پوائنٹس میں کمی آ رہی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے علاوہ دیگر ملکی اور بین الاقوامی اداروں جیسے پلڈاٹ اور عالمی اقتصادی فورم نے بھی پاکستان میں بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے میں پرعزم ہے، نیب نے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ پر مشتمل سہ جہتی حکمت عملی اپنائی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے نیب کے افسران کو بدعنوانی کے خلاف بلاتخصیص اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ بدعنوانی کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔