قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس

51

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی، ڈی جی آپریشنز نیب، ڈی جی ہیڈکوارٹرز، ڈی جی ہیومن ریسورس ڈویژن، ویڈیو لنک کے ذریعے نیب کے تمام علاقائی دفاتر کے ڈی جیز اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایک دوسرے سے تقریباً 3 سے 4 فٹ کا فاصلہ رکھا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چئیرمین نیب کے احکامات کی روشنی میں نیب ہیڈکوارٹرز اور نیب کے تمام علاقائی دفاتر میں مہمانوں کی آمد پر پہلے ہی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میںکورونا وائرس سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے نیب ہیڈکوارٹرزاور نیب کے تمام علاقائی دفاتر کے حوالے سے جامع حکمت عملی تر تیب دی گئی جس میںکورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے لاک ڈائون کی پابندی کے ساتھ ساتھ معزز احتساب عدالتوں، معزز ہائی کورٹس اور معزز سپریم کورٹ آف پاکستان میں نیب کے مقدمات میں نیب کے پراسیکیوٹرز کی حاضری یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کوئی مقدمہ عدم پیروی کی وجہ سے خارج نہ ہو۔ اجلاس میں نیب ہیڈکوارٹرز اور نیب کے تمام علاقائی دفاتر میں اوقات میںکمی کرتے ہوئے 9 بجے سے 2 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ نیب ہیڈکوارٹرز اور علاقائی دفاتر میں متعلقہ ڈی جیز اپنے افسران/اہلکاران میں 50 فیصد کمی کریں گے اور 50 سال سے زائد افسران جو شوگر، بلڈ پریشر جیسی بیماریوں میں مبتلا ہیں، کو صرف انتہائی ضروری افسران و اہلکاران کو خصوصی سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے دفاتر میں بلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ کلاس فور کے 50 فیصد اسٹاف میں بھی کمی کا فیصلہ کیا گیا۔ نیب کے دفاتر میں آنے والے تمام افسران /اہلکاران کی انٹری اور ایگزٹ گیٹ پر تھرمل گنز کے ذریعے چیکنگ کی جائے گی اور جن افسران/اہلکاران نے فروری اور مارچ 2020ء میں بیرون ملک سفر کیا ہے، ان کی مکمل سکریننگ کا انتظام کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے بچائو اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے نیب کی سرکاری ٹرانسپورٹ بند کرنے کے علاوہ نیب دفاتر میں اپنی گاڑیوں پر آنے والے افسران/اہلکاران بائیو میٹرک کی پابندی سے 5 اپریل تک مستثنیٰ ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہاتھ دھونے ، ماسک پہننے ، سینی ٹائزر کا باقائدہ استعمال اور گلوز کا استعمال یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے ڈی جی ہیڈ کوارٹرز اور تمام متعلقہ ڈی جیز کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام خواتین افسران/اہلکاران جو کہ نیب ہیڈکوارٹرز اور علاقائی دفاتر میں تعینات ہیں وہ 5اپریل تک گھر سے کام کریں گی۔ اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ مکمل لاک ڈائون کے علاقوں میں متعلقہ ڈی جیز اپنے اسٹیشنز پر موجو د رہیں گے جبکہ نیب کی تحویل میں تمام افراد کی نہ صرف مکمل اسکریننگ متعلقہ ڈی جیز مستند ڈاکٹروں سے کروائی جائے گی بلکہ ان کے لئے گلوز ، ماسک اور سینیٹائزز کا انتظام بھی کیا جائے گا تاکہ کرونا وائرس سے بچنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5اپریل 2020 تک ایگزیکٹو بورڈ میٹنگز،کھلی کچہریاں اور تمام میٹنگز ملتوی کر دی گئی ہیں اور صرف اور صرف انتہائی اہم اور ضروری نوعیت کے کاموں کے لئے متعلقہ ڈی جیز اپنے ماتحت افسران اور اہلکاروں کو ڈیوٹی کے لئے بلایا جائے گا۔ قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کرونا وائرس سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے۔ کرونا وائرس سے تحفظ صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے تاہم کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں نیب کے متعلقہ افسران و اہلکاران اپنے متعلقہ ڈی جیز کو بتائیں تا کہ بر وقت حفاظتی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انٹرکام کے استعمال کو دفاتر میں بڑھا یا جائے اور کوشش کی جائے کہ آفیسر /اسٹاف کو بلانے کی بجائے انٹرکام پر بات کر لی جائے۔لفٹ آپریٹر سرکاری ڈیوٹی کے دوران دستانے اور ماسک پہن کر رکھیں جبکہ نیب کے افسران و اہلکاران رش والی جگہوں ، مارکیٹوں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کے علاوہ سماجی فاصلہ رکھا جائے اور ٹیلیفون پر کسی بھی ضروری کام کے سلسلہ میں اپنے متعلقہ ڈی جیز کے ساتھ رابطہ میں رہیں۔