نیدرلینڈزکے سائیکلسٹ اولاو کویج نے ٹور ڈی پولونے سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ جیت لیا

114

وارسا۔2اگست (اے پی پی): نیدرلینڈز کے سائیکل سوار اولاو کویج نے ٹور ڈی پولونے سائیکل ریس 2023کا چوتھا مرحلہ جیت لیا۔ 21 سالہ نیدرلینڈز کے سائیکلسٹ اولاو کویج کی ریس میں یہ پہلی فتح ہے۔ پولینڈ سے ٹورڈی پولونے سائیکل ریس کا 80 واں ایڈیشن جاری ہے ،

جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 24ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ٹور ڈی پولونے سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں سائیکل سواروں نے پولینڈ میں ے سٹریلن سے اوپول تک 198.6 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھاجو سیدھے راستے پر محیط تھا۔21

سالہ نیدرلینڈز کے سائیکل سوار اولاو کویج نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم وطن سائیکلسٹ مارجن وین ڈین برگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اولاو کویج نے چوتھے مرحلے کا 198.6 کلومیٹر پر مشتمل مطلوبہ فاصلہ 4 گھنٹے 23منٹ اور15 سیکنڈز میں طے کرکے اپنے نام کیا۔

نیدرلینڈز کے سائیکلسٹ مارجن وین ڈین برگ نے دوسری جبکہ اطالوی سائیکلسٹ میٹیو موشیٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔دوسرے مرحلے میں کامیابی کے ساتھ ساتھ سلووینین سائیکلس میٹیج موہوریچ نے بیلجیئم کے ٹم مرلیئرسے یلو جرسی چھین لی تھی اور تاحال یلوجرسی پر انہی کا قبضہ ہے۔ ٹور ڈی پولونے سائیکل ریس 7 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 1130.5کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ٹور ڈی پولونے سائیکل ریس 4 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔