نیدرلینڈز کی سائیکلسٹ ڈیمی وولرنگ نے گیرو ڈی اٹالیہ جیت کر ‘گرینڈ ٹور ٹرپلوجی’ کا تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا

نیدرلینڈز کی سائیکلسٹ ڈیمی وولرنگ نے ایک سنسنی خیز فائنل مرحلے میں ریس کی لیڈر اینا وین ڈیر بریگن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی ویمنز گیروڈی اٹالیہ کا ٹائٹل جیت لیا ۔

سالوزو۔8جون (اے پی پی):نیدرلینڈز کی سائیکلسٹ ڈیمی وولرنگ نے ایک سنسنی خیز فائنل مرحلے میں ریس کی لیڈر اینا وین ڈیر بریگن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی ویمنز گیروڈی اٹالیہ کا ٹائٹل جیت لیا ۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق اس تاریخی فتح کے ساتھ ہی 29 سالہ وولرنگ سائیکلنگ کی دنیا کا گرینڈ ٹور ٹرپلوجی (تینوں بڑے ٹورز) مکمل کرنے والی تاریخ کی دوسری خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ریس کے 9 ویں اور آخری مرحلے کے آغاز پر 4 بار کی چیمپئن 36 سالہ وین ڈیر بریگن کو اپنی ہم وطن ڈیمی وولرنگ پر 49 سیکنڈز کی برتری حاصل تھی۔ الپس کی پہاڑیوں کے دامن میں سالوزو کے گرد 145 کلومیٹر طویل روٹ پر نیدرلینڈز کی ڈیمی وولرنگ نے شاندار حکمت عملی اپناتے ہوئے کئی بار آگے نکلے کی کوشش کی ۔ ریس کی آخری چڑھائی ‘کولیٹا ڈی برونڈیلو’ پر جب منزل سے صرف 39 کلومیٹر کا فاصلہ باقی تھا، ڈیمی وولرنگ نے اپنی عمدہ سائیکلنگ کے باعث ہم وطن وین ڈیر بریگن کو پیچھے چھوڑ دیا اور فنشنگ لائن سے 28 کلومیٹر پہلے ہی اگلی پوزیشن پر موجود گروپ کو جا پکڑا۔فائنل مرحلے کی جیت کے لئے ڈیمی وولرنگ نے سپرنٹ میں زیادہ جوکھم نہیں اٹھایا کیونکہ وہ پہلے ہی مجموعی برتری کی بنیاد پر ‘پنک جرسی’ (پینک جرسی) محفوظ کر چکی تھیں۔ ریس کے نویں اور آخری مرحلے کی فتح اٹلی کی الیسا لونگو بورگینی کے نام رہی جنہوں نے نیوزی لینڈ کی نیام فشر بلیک کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پیچھے چھوڑا۔ اٹلی کی سائیکلسٹ لونگو بورگینی نے یہ نویں مرحلہ کا فاصلہ 3 گھنٹے 45 منٹ اور 9 سیکنڈز میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔مجموعی رینکنگ (اوور آل سٹینڈنگز) میں نیدرلینڈز کی ڈیمی وولرنگ نے انتونیا نیدر مائر پر 30 سیکنڈز کی برتری کے ساتھ ٹائٹل جیتا جبکہ نیدرلینڈز کی ہی وین ڈیر بریگن مزید 1 منٹ پیچھے رہ کر تیسرے نمبر پر رہیں۔ اس بڑی جیت کے ساتھ ہی ڈیمی وولرنگ نے 2023 میں ٹور ڈی فرانس اور 2024 اور 2025 میں لا ویلٹا فیمینینا کی فتوحات کے بعد اب ‘گیرو’ بھی اپنے نام کر کے اپنی گرینڈ ٹور ٹرپلوجی مکمل کر لی ہے۔