حیدرآباد۔6اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ نیدرلینڈز کے خلاف فتح کے بعد ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، جیت کا تمام کریڈٹ ہمارے بائولرز کو جاتا ہے۔ جمعہ کو حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف اپنے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں شاندار فتح کے بعد میچ کی اختتامی تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران ہمارا آغاز اچھا نہ تھا، ہم نے تین وکٹیں جلد گنوائیں اسکے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے جس طرح ذمہ دارانہ بیٹنگ کی وہ قابل تعریف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سعود شکیل نے جس طرح اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی پارٹنر شپ کی صلاحیتوں میں نکھار آیا ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ ہمارے بائولرز نے پہلے دس میں اچھی بائولنگ کرکے اچھا آغاز فراہم کیا اور درمیان میں بھی وکٹیں حاصل کیں، وہ اپنے پلان پر ڈٹے رہے جس سے کامیابی ملی۔ بابراعظم نے حیدرآباد کے شائقین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے شائقین نے ہمیں بہت پیار دیا، ہم ان کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔