نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ءایوارڈ ،مختلف تعلیمی اداروں کے 15 کامیاب طالب علموں میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے

269
شارٹ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنے والے دنیا کو پاکستان بارے آگاہی دینے میں اہم کردار ادا کریں گے، شہبا ز شریف

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ءکی ایوارڈ تقریب پیر کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے کامیاب 15 طالب علموں میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلائم سمیت وفاقی وزراء، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ءایوارڈ ،مختلف تعلیمی اداروں کے 15 کامیاب طالب علموں میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے

نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کی انڈر گریجویٹ کیٹیگری میں اقراءیونیورسٹی کراچی کے طالب علم سید اعجاز رضا نقوی کی شارٹ فلم ”سرپلز آف سلور لائننگ“ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اقراءیونیورسٹی کراچی کے طالب علم احسن خان کی شارٹ فلم ”بروشسکی“ نے دوسری، بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی لاہور کے طالب علم عذیر احمد کی شارٹ فلم ”بہاولپور“ نے تیسری پوزیشن، سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کی پلوشہ خان کی شارٹ فلم ”حسن مستور“ نے چوتھی، کینرڈ کالج فار وومن یونیورسٹی لاہور کی طالبہ سحر اعجاز کی شارٹ فلم ”ان کہی“ نے پانچویں، قصور سے تعلق رکھنے والے پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم اویس منیر کی شارٹ فلم ”واہ گرو“ نے چھٹی پوزیشن اور اقراءیونیورسٹی پشاور کے طالب علم آدم خان کی شارٹ فلم ”گور کھتری“ نے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔

اسپیشل فلم کیٹیگری ایوارڈز میں اقراءیونیورسٹی کراچی کے گریجویٹ محمد بلال عمران کی شارٹ فلم ”رہائی“ نے پہلی، ہنزہ سے تعلق رکھنے والے نیشنل کالج آف آرٹس کے طالب ندیم الکریمی کی شارٹ فلم ”سیکرٹ لائف“ نے دوسری، رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے سپریئر کالج لاہور کے طالب علم محمد بلال طارق کی شارٹ فلم ”یاد گھریو“ نے تیسری، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے طالب محمد بلال کی شارٹ فلم ”دی بیوٹی آف بلوچستان“ نے چوتھی، لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی کی ربیعہ شہزاد کی شارٹ فلم ”کلری ہیریٹج آف لاہور“ نے پانچویں، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے طالب محمد وسیم کی شارٹ فلم ”دی ہڈن ویلیج آف ہندوکش“ نے چھٹی اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی راولپنڈی کی طالبہ ایمن سلیم کی شارٹ فلم ”سکندر رکشے والا“ نے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔

موبائل فلم کیٹیگری ایوارڈ میں ایم اے او کالج لاہور کے طالب علم محمد شایان کامیاب قرار پائے۔ ان کی شارٹ فلم کا نام ”نارتھ ٹرن“ ہے۔ نیشنل امیچور شافٹ فلم فیسٹیول میں حصہ لینے والے سب سے کم عمر طالب علم معیز احمد کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔ ان کی فلم کا نام ”دیکھ لاہور“ ہے۔ تقریب میں نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لئے دبئی پورٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلائم، حسن مختار اور فخر عالم کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔