نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے زیر اہتمام صوبائی محکمہ صحت کے تعاون سے تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد

2

کوئٹہ۔ 27 جون (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے زیر اہتمام صوبائی محکمہ صحت کے تعاون سے تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کے ایک حصے کے طور پر مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے شرکا نے پراونشل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ،صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے بلوچستان اصغر علی جمالی نے وفد کا استقبال کیا اور پی ای او سی کے کردار اور ذمہ داریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے ایمرجنسی صورتحال میں مرکز کے آپریشنل فریم ورک پر روشنی ڈالتے ہوئے مرکز کے کام کے طریقہ کار کو واضح کیا۔جمالی نے ہنگامی حالات میں مختلف محکموں کے ساتھ کوآرڈینیشن کے نظام پر بھی روشنی ڈالی اور خاص طور پر صحت کے شعبے کے ساتھ تعاون کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے ہنگامی ادویات اور سامان کی بروقت فراہمی اور تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ صحت حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتا ہے اور ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے۔

شرکا نے پی ای او سی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے پیشہ ورانہ، فعال اور مربوط انداز پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پی ڈی ایم اے صوبے بھر میں ایمرجنسی صورتحال اور صحت کے شعبے کی امدادی کارروائیوں میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔