اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):آئندہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن یونٹ (این ای ٹی یو)کے قیام کا مقصد پاکستان بھر میں جامع معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ یونٹ وزیراعظم شہباز شریف کے خوشحال اور لچکدار قوم کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
وزارت نے کہا کہ این ای ٹی یو ایک اسٹریٹجک باڈی کے طور پر کام کرے گا جس کی توجہ اقتصادی ترقی کو آسان بنانے ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور جدت طرازی کو فروغ دینے پر مرکوز ہوگی۔ یہ مختلف اسٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری اداروں، نجی شعبے کے اداروں، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرے گا تاکہ شواہد پر مبنی پالیسیوں اور اقدامات کو نافذ کیا جا سکے جو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے پاکستان کے طویل المدتی معاشی ہدف سے مطابقت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے این ای ٹی یو کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن یونٹ کا قیام وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے ترقیاتی تھنک ٹینک کے طور پر کردار کو بحال کرنے اور تبدیل کرنے اور خوشحال اور لچکدار پاکستان کے ہمارے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ای ٹی یو معاشی چیلنجز سے نمٹنے، جامع ترقی کی بحالی اور فروغ اور اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا کہ ہماری ترقیاتی حکمت عملی پائیدار اور آگے بڑھنے والی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ای ٹی یو بہترین پاکستانی ٹیلنٹ کو راغب کرے گا اور انہیں قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔
این ای ٹی یو پاکستان وژن 2025 اور فائیو ای فریم ورک کے تحت کام کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کے اقدامات قومی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق ہوں۔ وژن 2025 پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کے حصول کے لئے روڈ میپ کا خاکہ پیش کرتا ہے، جبکہ فائیوایز فریم ورک مندرجہ ذیل شعبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اول برآمدات، انٹرپرائز، روزگار: خوشحالی اور روزگار کے مواقع کو یقینی بنانے کے لئے اعلی، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی حوصلہ افزائی۔دوم ای پاکستان۔نیشنل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن: کارکردگی اور عالمی مسابقت کو بڑھانے کے لئے تمام شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کو یقینی بنانا۔ سوم ماحولیات اور آب و ہوا کی تبدیلی۔ پانی اور خوراک کی حفاظت: ماحول کے تحفظ اور طویل مدتی اقتصادی اور ماحولیاتی توازن کو یقینی بنانے کے لئے پائیدار طریقوںکا نفاذ۔ چہارم توانائی اور بنیادی ڈھانچہ۔ سستی، موثر اور سبز: عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کو طاقت دینے اور صنعتی ترقی کی حمایت کے لئے توانائی کے تحفظ اور کارکردگی کو یقینی بنانا۔
پنجم پائیدار ترقی کے اہداف کے نفاذ کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کی مساوات، اخلاقیات اور بااختیار بنانا: سماجی انصاف کو فروغ دینا اور عدم مساوات کو کم کرنا تاکہ تمام شہریوں کو معاشی ترقی سے فائدہ اٹھانے کو یقینی بنایا جاسکے۔ این ای ٹی یو اہم شعبوں کو ترجیح دے گا، جن میں پہلے نمبر پر اقتصادی تنوع: غیر روایتی شعبوں میں ترقی کی حوصلہ افزائی اور محدود تعداد میں صنعتوں پر انحصار کو کم کرنا۔دوسرے نمبر پر جدت طرازی اور ٹیکنالوجی: چوتھے صنعتی انقلاب کو اپناتے ہوئے پیداواری صلاحیت اور مسابقت کو بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور جدت طرازی کے کلچر کو فروغ دینا۔ تیسرے نمبر پر انسانی سرمائے کی ترقی: ایک باخبر اور قابل افرادی قوت کی تعمیر کے لئے تعلیم، مہارت کی ترقی اور صحت میں سرمایہ کاری۔ چوتھے نمبر پر پائیدار ترقی: طویل المدتی معاشی اور ماحولیاتی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ماحول دوست پالیسیوں اور طریقوں کا نفاذ۔
پانچویں نمبر پرپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ: معاشی ترقی کے لئے وسائل اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو آسان بنانا، معیشت میں ترقی کے انجن کے طور پر نجی شعبے کے کردار کو فروغ دینا اور چھٹے نمبر پر جدید بنیادی ڈھانچہ: اقتصادی سرگرمیوں کی حمایت اور ملک بھر میں رابطے کو بہتر بنانے کے لئے عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہیں۔ این ای ٹی یو پیش رفت کو ٹریک کرنے اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے ایک مضبوط نگرانی اور تشخیص کا فریم ورک بھی قائم کرے گا۔ اس میں شفافیت اور موثر حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے اہم کارکردگی کے اشارے اور نتائج پر باقاعدگی سے رپورٹنگ شامل ہوگی۔
احسن اقبال نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ این ای ٹی یو پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کرنے اور شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہم پاکستان کو معاشی جدت طرازی اور پائیدار ترقی میں سر فہرست بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ این ای ٹی یو اس تبدیلی میں سب سے آگے رہے گا اور ہماری قوم کو ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی طرف رہنمائی کرے گا۔