اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت کے ہونے والے حالیہ اجلاسوں میں امن و امان کی بہتر صورت حال کے لیے مزید اہم اقدامات کرنے پر فوکس کیا گیا ہے۔ جمعے کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے تمام اقدامات کیے جا چکے ہیں لیکن ہمیشہ ہر کام میں مزید بہتری کی بھی ضرورت ہوتی ہے، سول و عسکری قیادت ان اقدامات میں مزید تیزی اور بہتری لانے کے لیے تیار ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدکے نتیجے میں اب تک نفرت انگیز تقاریر کرنے والے آٹھ ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ لاڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر بھی 14000ہزار افراد کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں سے متعدد کو سزائیں بھی دی گئی ہیں جبکہ جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔