33.8 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومعلاقائی خبریںنیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی،شدت پسندی ، سمگلنگ کی روک...

نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی،شدت پسندی ، سمگلنگ کی روک تھام کے لئے آر پی سی سی کا قیام

- Advertisement -

راولپنڈی۔28اپریل (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا ہے کہ ریجن میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے، امن و امان کو مستحکم رکھنے،دہشت گردی ،فرقہ واریت،انتہاء پسندی ،منشیات کی سپلائی و سمگلنگ کے روکنے کے لئے تمام طبقات و اداروں میں ہم آہنگی کو فروغ دی جائے گی،ریجنل پولیس کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے قیام سے شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار آر پی او نے پیر کو ریجنل پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی کےاجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس کا مقصد علاقائی سطح پر مؤثر روابط اور سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کا عزم، ریجن کی سطح پر تمام پولیس یونٹس اور اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لینا، پولیس کے مختلف شعبہ جات کو آپریشنل رہنمائی فراہم کرنا اور صوبے بھر میں پولیسنگ کے معیارات میں یکسانیت لانا ہے۔

کمیٹی خصوصی اور عمومی پولیسنگ کے شعبوں میں بہتری کے لئے مشترکہ اور مربوط کوششوں کو یقینی بنائے گی۔اجلاس میں موجودہ امن و امان کی صورتحال، ادارہ جاتی ہم آہنگی میں موجود خامیوں اور سکیورٹی کے بہتر انتظامات کے لئے ایک جامع تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریجنل اور ضلعی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ تمام سکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

- Advertisement -

اجلاس میں سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی، ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی نصیب اللہ خان، ریجنل آفیسر سپیشل برانچ زنیرہ اظفر،ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول محمد بن اشرف، ایس ایس پی سیف سٹی عبد الوہاب،ریجنل آفیسر ایس پی یو کرنل(ر)شاہد،ایس ایس پی آر آئی بی عطاء الرحمان،ریجنل آفیسر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بینش فاطمہ، بٹالین کمانڈر پنجاب کانسٹیبلری روات حافظ عطاء الرحمان، ایس ایس پی انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی برانچ غلام مصطفیٰ ایس پی لیگل عبد الفاروق، ایس پی وی وی آئی پی سیکورٹی سپیشل برانچ راولپنڈی آصف مسعود، ریجنل آٖفیسر رائٹ مینجمنٹ پولیس میڈم شاہدہ ودیگر متعلقہ افسران شامل تھے جبکہ ڈی پی اواٹک سردار غیاث گل خان، ڈی پی او چکوال لیفٹیننٹ(ر)احمد محی الدین، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، ڈی پی او مری آصف امین اعوان اور سی ٹی او مری مغیث احمد ہاشمی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

کمیٹیوں میں پولیس کے مختلف شعبہ جات (آپریشنز، انویسٹی گیشن، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی)، ضلعی انتظامیہ، انٹیلی جنس ادارے، پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ، اور کمیونٹی نمائندگان کو بطور مبصر شامل کیا جائے گا۔ یہ کمیٹیاں ہر ماہ باقاعدہ اجلاس منعقد کریں گی جبکہ ہنگامی حالات میں فوری اجلاس طلب کئے جا سکیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یہ کمیٹیاں نیشنل ایکشن پلان (NAP) کی روشنی میں شدت پسندی، نفرت انگیز مواد، مدرسوں کی نگرانی اور دیگر سکیورٹی امور پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گی۔ اس کے علاوہ مخصوص ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا سکتی ہیں جن میں انٹیلی جنس، انسدادِ دہشت گردی، منشیات اور سمگلنگ کنٹرول، کمیونٹی پولیسنگ، اور دیگر اہم موضوعات شامل ہوں گے۔ریجنل کمیٹیوں کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی، ڈیجیٹل ڈاکیومنٹیشن، اور اعلیٰ حکام (آئی جی پی، ہوم ڈیپارٹمنٹ) کو رپورٹنگ کے نظام کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے

آر پی او راولپنڈی نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ یہ اقدام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آر پی او نے مزید کہا کہ آر پی سی سی کا قیام ایک مؤثر اور متحد پولیس نظام کی جانب اہم قدم ہے جو نہ صرف کارکردگی میں اضافہ کرے گا بلکہ سکیورٹی اور عوامی اطمینان کے لئے بھی سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589010

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں