اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ گریڈ ون میں چار میچز کا فیصلہ ہو گیا۔ فائنل مقابلہ کل بدھ کو لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں پشاور نے فیصل آباد کو 41-58 گول سے ہرا دیا۔
دوسرے میچ میں گوجرانولہ نے کراچی کو 58-64 گول سے شکست دی، تیسرے میچ میں راولپنڈی نے ہزارہ کو 42-88 گول سے اور چوتھے میچ میں لاہور نے اسلام آباد 50-78 گول سے ہرا دیا۔ فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اوج ظہور نے بتایا کہ ایونٹ میں آٹھ ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا گروپ اے میں پشاور، فیصل آباد، گوجرانولہ اور کراچی جبکہ لاہور، اسلام آباد، ہزارہ اور راولپنڈی کو گروپ بی میں رکھا گیا اور 25 اکتوبر کو فائنل میچ سے قبل تیسری پوزیشن کا میچ بھی کھیلا جائے گا۔